لاہور: ملک بھر میں یکم جون سے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت1667.29 روپے مقرر کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کیلئے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 94.89 روپے اضافہ ہوا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو ایل پی جی8 روپے مہنگی کرکے ایل پی جی کے 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1667.29 روپے مقررکی گئی ہے۔ او گرا نوٹی فکیشن کے مطابق مئی کیلئے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی 1572.40 پیسے تھی جبکہ یکم جون سے ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 141.29 روپے کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ہے اور اس ضمن میں اوگرا نے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے جس کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 4.30 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز جبکہ پیٹرول اور مٹی کے تیل کی قیمت میں معمولی اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھے جانے کی تجویز ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے جس کے بعد وزارت خزانہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔