حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

11:40 PM, 31 May, 2021

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ اوگرا نے اس بار بھی فی لیٹر 8.86 روپے تک قیمت بڑھانے کی تجویز دی جو وزیراعظم نے منظور نہیں کی ۔ مہنگائی کے خلاف وزیراعظم کے اقدامات کے تسلسل میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہو گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 108.56 روپے  جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 110.76 روپے برقرار رہے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 80 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 77.65 روپے برقرار رہے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی یہ قیمتیں 15 جون تک نافذ العمل رہیں گی۔

 یاد رہے کہ 17 مئی کو بھی وفاقی حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزیدخبریں