کراچی:کراچی کے علاقے قائدآباد میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہریوں کا احتجاج چودہ گھنٹے بعد بھی جاری ہے، جس کے باعث نیشنل ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام پیدا ہو گیا ہے۔
احتجاج کے باعث قائدآباد سے ملیر ہالٹ تک ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے، اور ہیوی ٹریفک سمیت ہزاروں گاڑیاں سڑک پر پھنس گئی ہیں۔ عید قربان کی خریداری کے بعد جانور لے کر واپس جانے والے شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مظاہرین اور پولیس حکام کے درمیان مذاکرات کی متعدد کوششیں ناکام ہو چکی ہیں۔ مظاہرین کا مؤقف ہے کہ علاقے میں کئی دنوں سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور بجلی کی مکمل بحالی تک احتجاج ختم نہیں ہوگا۔
پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔