اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان واقعات میں خطرناک حد تک اضافے کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو نشانہ بنانا، نفرت انگیز تقاریر، امتیازی پالیسیوں اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، تحفظ اور مساوی حقوق دیے جائیں۔
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کا نوٹس لے اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔