امسال حج آپریشن کی کامیابی سعودی حکومت کے مثالی تعاون کا نتیجہ ہے؛ حجاج کی شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا، سردار یوسف

02:05 PM, 31 May, 2026

مکہ مکرمہ:وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج کے کامیاب انعقاد کا کریڈٹ سعودی حکومت کے بہترین اور مثالی تعاون کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امسال پاکستانی حجاج کرام کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں آرام دہ اور بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے۔ مکہ مکرمہ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے حج آپریشن 2026ء کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

سردار محمد یوسف نے بتایا کہ حج کے دوران زائرین کو علاج معالجے کی اعلیٰ اور معیاری سہولیات فراہم کی گئیں، جس کی وجہ سے انہیں کسی بڑی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ انہوں نے حج مشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ سخت مانیٹرنگ کے باعث رواں سال حجاج کی جانب سے شکایات کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم رہا، جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نے پریس کانفرنس کے دوران عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ آپریشن کی شاندار کامیابی کے بعد، ان کی وزارت ابھی سے آئندہ سال کے حج انتظامات کو مزید سہل اور بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مستقبل میں ضیوف الرحمن کو اس سے بھی اعلیٰ درجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

مزیدخبریں