ارشد وہرا نے بلدیاتی معاملات پر پارٹی سے استعفیٰ نہیں دیا: فاروق ستار

ارشد وہرا نے بلدیاتی معاملات پر پارٹی سے استعفیٰ نہیں دیا: فاروق ستار

لاہور :متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ بات ماننے کو تیار نہیں کہ صرف بلدیاتی معاملات پر ارشد وہرا نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کی۔اگر ان کے ذہن میں کوئی بات تھی تو وہ اس سے آگاہ کر سکتے تھے۔

فاروق ستار نے کہا کہ جب ایف آئی اے نے مقدمہ شروع کیا اور ارشد وہرا ایک مرتبہ پیش بھی ہوئے جس کے بعد وہ دباؤ کا شکار تھے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پی ایس پی والے ارشد وہرا کا خیال رکھیں اور ان کی پریشانی ختم کر دیں۔انہوں نے کہا کہ میری قیادت میں اگر کوئی ناانصافی ہوگئی تو بات کرتے۔ میرا اتنا تو حق بنتا ہے کہ پوچھ سکوں کہاں مجھ سے قیادت میں غلطی ہوئی۔
فاروق ستار نے کہا کہ ابھی ارشد وہرا کو ڈپٹی مئیر کی سیٹ سے ڈی سیٹ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں اگر مستقبل میں ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا تو سب کی مشاورت سے کریں گے۔
یاد رہے کہ ارشد وہرا نے بھی فی الحال ڈپٹی مئیر کی سیٹ سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔