شہباز گل کا وطن واپس آنے کا اعلان، بہت جلد امپورٹڈ حکومت سے نجات حاصل کریں گے: پی ٹی آئی رہنماء

شہباز گل کا وطن واپس آنے کا اعلان، بہت جلد امپورٹڈ حکومت سے نجات حاصل کریں گے: پی ٹی آئی رہنماء

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءشہباز گل نے کہا ہے کہ گرفتاری کے خدشے کے باوجود وطن واپس آ رہا ہوں۔ ہم اپنے لیڈر عمران خان کی قیادت میں چوروں، ڈاکوؤں اور غداروں کا مقابلہ کریں گے اور بہت جلد امپورٹڈ حکومت سے نجات ملے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے عید الفطر کے موقع پر جاری کئے گئے پیغام میں تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو خوشخبری دینا چاہوں گا کہ بہت جلد بیرونی سازش کے تحت پاکستان پر چوروں، ڈاکوؤں اور غداروں کی مسلط کی گئی حکومت سے ہماری جان چھوٹنے والی ہے، عمران خان اپنی سٹریٹجی لاگو کر چکے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ میرے بارے میں کہا گیا کہ ملک سے باہر چلا گیا ہوں اور واپس نہیں آؤں گا جبکہ میرے پیچھے جھوٹی ایف آئی آرز بھی درج کروائی گئیں۔ بیرونی سازش سے آئے ہوئے غداروں نے پہلے ہی اتنا گھٹیا کام کیا ہے کہ اس کے بعد ان کی نظر میں اب کوئی کام گھٹیا نہیں ہے، یہ مذہب کی آڑ میں بھی جھوٹی ایف آئی آر درج کریں گے اور یہ ہمارا منہ بند کرنے اور احتجاج کو روکنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں گرفتاری کے خدشے کے باوجود وطن واپس آ رہا ہوں کیونکہ میں نے پہلے ہی بتایا تھا کہ 2 سے 3 روز کیلئے ملک سے باہر جا رہا ہوں اور اب وعدے کے مطابق واپس آ رہا ہوں۔ میں اپنے لیڈر کیساتھ وفاداری نبھاؤں گا کیونکہ عمران خان کیساتھ وفاداری نبھانے کا مطلب پاکستان کے ساتھ وفاداری نبھانا ہے۔ 
شہباز گل نے کہا کہ پاکستانیوں کی آزادی اور خودمختاری کو سلب کرنے کیلئے بیرونی سازش کے تحت ہم پر حکومت مسلط کی گئی ہے لیکن ہم عمران خان کی قیادت میں ان چوروں، ڈاکوؤں اور غداروں کا مقابلہ بھی کریں گے اور بہت جلد اس امپورٹڈ حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں