مولانا فضل الرحمان کا آصف زرداری سےاہم رابطہ

 مولانا فضل الرحمان کا آصف زرداری سےاہم رابطہ

لاہور: حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فون پر  سابق صدر آصف زرداری کی خیریت دریافت کی،  دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو  بھی کی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا  کہ  حکومت کے اتحادیوں سے بھی جلد رابطے کریں گے جبکہ آصف زرداری نے کہا وہ ان ہاؤس تبدیلی کیلئے  پوری اپوزیشن کے ساتھ ہیں ، مولانا فضل الرحمان نے آصف  زرداری کی   جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونیوالے اہم اجلاس میں پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف بالآخر تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، تاہم فی الوقت تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ،اجلاس میں تمام شرکا نے تحریک عدم اعتماد لانے کی منظوری دیدی ،پیپلزپارٹی کو بھی آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے ہم اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرینگے ،تحریک عدم اعتماد کیلئے پہلے گراؤنڈ تیار کرنا ضروری ہے ،ہم پوری تیاری کیساتھ اب میدان میں آئینگے ،انہوں نے کہا ہم سیاسی لوگ ہیں پیپلزپارٹی سمیت سب سے رابطہ کرینگے ،اختلافا ت ہوتے رہتے ہیں ،ایک گرائونڈ میں دو محاذوں پر جنگ نہیں لڑنا چاہتے ۔

پی ڈی ایم کے اجلاس سے قبل شہباز شریف ،فضل الرحمان کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں  شہباز شریف نے پی پی کی قیادت ،ایم کیو ایم کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں سے متعلق آگاہ کیا ، علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مصنف کے بارے میں