ماسکو: روس نے حالیہ تنازعات کے دوران ایران کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے والا پہلا ملک بن کر اہم قدم اٹھایا ہے۔
کینیا میں روسی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، روس کا Il-76 کارگو طیارہ 13 ٹن سے زائد طبی ساز و سامان لے کر آذربائیجان پہنچا، جہاں سے یہ سامان ایرانی حکام تک منتقل کیا جائے گا۔
روس کی وزارت ہنگامی حالات کے مطابق یہ امدادی پیکج ادویات اور دیگر طبی ضروریات پر مشتمل ہے اور آذربائیجان سے یہ سامان ٹرکوں کے ذریعے زمینی راستے سے ایران بھیجا جائے گا۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور انسانی امداد کی ضرورت تیزی سے محسوس کی جا رہی ہے۔ وزارت ہنگامی حالات نے مزید کہا کہ اس امداد کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی ہدایت پر بھیجا گیا ہے۔