اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے ادویات مہنگی کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات کے نرخوں میں مزید قابل قابل مذمت اضافہ واپس لیا جائے، حکمران لوگوں کیلئے کورونا وبا سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہار تشویش کہا کہ کوورنا کی وبا کے دوران یہ حکومتی فیصلہ قابل افسوس ہے۔ کابینہ چینی پر سبسڈی جبکہ غریبوں کیلئے ادویات مہنگی کرنے کی منظوری دیتی ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ وہ واحد کابینہ ہے جو ہر چیز کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دیتی ہے۔ تباہی سرکار نہیں چاہتی کہ مریض زندگی بچانے کی ادویات بھی خرید سکے۔ میں نے سوال بھی اٹھایا تھا کہ ادویات سکینڈل پر حکومت کا احتساب خاموش کیوں ہے؟
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ادویات کے نرخوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔ مہنگائی کے سونامی میں کابینہ اجلاس کے ذریعے مزید اضافہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بے رحم اور بے حس حکمران کینسر، دل، ہیپاٹائٹس، گردوں اور شوگر کی امراض میں مبتلا شہریوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جان بچانے والے ادویات کی پہلے ہی بہت زیادہ مہنگی کی جا چکی ہیں غریب اور متوسط طبقہ کے مریض مہنگے علاج معالجہ کی وجہ سے موت کے منہ میں دھکیلے جا رہے ہیں۔ نیر بخاری نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ عوام الناس کی دسترس سے باہر کرنے والے حکمران مریضوں سے ادویات چھین رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور کابینہ عوام دشمنی کی حدیں پار کر رہی ہے۔ حکمران ادویات سیکنڈل کے مجرموں کو نشان عبرت بنانے کی بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔