وزیراعظم عمران خان سے کورونا آئسولیشن میں میڈیا ٹیم کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے کورونا آئسولیشن میں میڈیا ٹیم کی ملاقات
کیپشن: وزیراعظم عمران خان سے کورونا آئسولیشن میں میڈیا ٹیم کی ملاقات
سورس: file

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا آئسولیشن کے دوران اپنی رہائشگاہ پر محدود سرکاری سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔وزیراعظم سے میڈیا ٹیم ،پارٹی رہنماؤں اور افسران نےملاقات  کی۔

نیو نیوز کے مطابق ملاقات میں سینیٹر  شبلی فراز،  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری، سینیٹر فیصل جاوید اور سابق معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا کے علاوہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے اہم حکومتی امور پر اجلاس کے شرکاء کو ہدایات دیں ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو ملک میں کورونا کی تیسری لہر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو پنجاب میں بلدیاتی ادارے بحال کرنے کے سپریم کورٹ کے حکم سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کورونا کے پھیلاؤ اور ویکسینیشن کے عمل پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تصویر سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ وزیراعظم عمران خان تصویر میں ایک کتاب کا مطالعہ بھی کر رہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ 20 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی  کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق کی تھی کہ 'عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔  18 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی۔

وزیر اعظم میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ویکسین سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جس پر وفاقی وزیر نے ویکسین سے متعلق افواہوں کی تردید کی اور کہا کہ ویکسین لینے کے چند دن بعد ہی جسم میں وائرس سے محفوظ رہنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے ملاکنڈ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک نئے تعلیمی بلاک کا افتتاح کیا اور طلبہ سے خطاب کیا تھا۔ علاوہ ازیں انہوں نے سوات موٹر وے کا بھی دورہ کیا تھا اور سوات ایکسپریس وے سرنگ کا افتتاح کیا تھا۔