واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو وائٹ ہاؤس میں ایک اہم اعلان کیا، جس کے تحت امریکا سے باہر تیار کی جانے والی تمام گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اس نئے ٹیرف کے نفاذ کے بعد صرف امریکا میں تیار ہونے والی گاڑیوں پر کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگے گا۔
ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ ایلون مسک نے آٹو ٹیرف کے بارے میں ان سے کوئی مشورہ نہیں دیا، تاہم انہوں نے یہ اشارہ دیا کہ ممکنہ طور پر چین پر عائد ٹیکس میں تھوڑی کمی کی جا سکتی ہے۔
اس کے علاوہ، ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صحافی کو یمن حملے کی تفصیلات غلطی سے بھیجنے کی ذمہ داری مشیر قومی سلامتی نے قبول کی ہے، اور یہ بھی ممکن ہے کہ سگنل ایپ میں کسی خرابی کی وجہ سے ایسا ہوا ہو، کیونکہ سگنل ایپ ہمیشہ مؤثر رابطے کا ذریعہ نہیں ہوتا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ حوثیوں کے خلاف حملے جاری رکھے جائیں گے۔