روہت شرما اور یوراج سنگھ کا تاریخی ریکارڈ ٹوٹ گیا

نیپالی کرکٹرز نے تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری اور نصف سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا

روہت شرما اور یوراج سنگھ کا تاریخی ریکارڈ ٹوٹ گیا
سورس: File

بیجنگ: ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں  نیپالی کرکٹ ٹیم کے بلے باز دیپیندرا سنگھ نے منگولیا کیخلاف 9 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کا 16 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔  نیپالی بلے باز کشال مالا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 34 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

 چین میں جاری ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلوں میں گزشتہ روز نیپال اور منگولیا کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں۔ نیپال نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور بناتے ہوئے 314 رنز کا ٹارگٹ دیا جبکہ ہدف کے تعاقب میں منگلویا کی ٹیم صرف 41 رنز بنا سکی۔

 
نیپال کی طرف سے بلے باز دیپیندرا سنگھ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 9 گیندوں پر 50 رنز بنا کر تیز ترین نصف سنچری بنا ڈالی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سابق بھارتی بلے باز یووراج سنگھ کے پاس تھا جنہوں نے 2007 میں 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔ 

d802fe1d675967bdc49bdc45a78e6de8

ٹی ٹوئنٹی میں منگولیا کیخلاف اسی میچ میں نیپالی بلے باز کشال مالا نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 34 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے روہت شرما نے 35 گیندوں پر بنایا تھا۔

علاوہ ازیں نیپال کرکٹ ٹیم اس میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 300 سے زائد رنز بنانے والی بھی پہلی ٹیم بن گئی۔ ٹی ٹوئنٹی میں مخالف ٹیم کو سب سے زیادہ مارجن سے ہرانے کا اعزاز بھی نیپال کے نام رہا۔

مصنف کے بارے میں