اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے دورہ پاکستان کا اعلان ہمارے موقف کی کامیابی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے موقف کی بڑی کامیابی ہے، کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کی کرکٹ کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔‘
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کئے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تاہم اس کی وجہ سیکیورٹی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی صحت بتائی گئی۔
انگلینڈ کے موقف پر اس کے اپنے ہی سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ سے شغف رکھنے والے افراد نے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد چیئرمین ای سی بی نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر معافی مانگی ہے۔
ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا لیکن یہ فیصلہ صرف کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تاہم اس بارے میں کھلاڑیوں سے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر صرف بورڈ حکام نے ہی مشاورت کی اور دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس فیصلے سے جن لوگوں کو دکھ ہوا ہے، میں ان سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔