اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے دورہ پاکستان کا اعلان ہمارے موقف کی کامیابی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے موقف کی بڑی کامیابی ہے، کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کی کرکٹ کے خلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی۔‘
انگلش کرکٹ بورڈ کی معزرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے، کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملےپرپاکستان کا ساتھ دیا پاکستان کی کرکٹ کیخلاف ایک اور سازش ناکام ہوئ،
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 29, 2021
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان کا دورہ منسوخ کئے جانے کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تاہم اس کی وجہ سیکیورٹی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی صحت بتائی گئی۔
انگلینڈ کے موقف پر اس کے اپنے ہی سابق کھلاڑیوں اور کرکٹ سے شغف رکھنے والے افراد نے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد چیئرمین ای سی بی نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر معافی مانگی ہے۔
ان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل تھا لیکن یہ فیصلہ صرف کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تاہم اس بارے میں کھلاڑیوں سے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر صرف بورڈ حکام نے ہی مشاورت کی اور دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس فیصلے سے جن لوگوں کو دکھ ہوا ہے، میں ان سے افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔