اسلام آباد(فرہادکھوکھر)پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور شروع ہوگیا۔ جماعت اسلامی کا وفد مذاکرات کے لیے پنجاب ہاؤس پہنچ گیا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی قیادت میں جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم حکومتی نمائندوں سے بات چیت کرے گی۔ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہیں۔
حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں۔ حکومتی ٹیم میں رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی بھی شامل ہیں۔
دونوں فریقین کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ 7 ستمبر سے جاری ہے۔ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ ہونے کی صورت میں 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔