پاناما لیکس کیس میں جھوٹ کا دفاع کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، اسد عمر

پاناما لیکس کیس میں جھوٹ کا دفاع کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے، اسد عمر

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہاہے کہ پاناما لیکس کیس میں جھوٹ کا دفاع کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ اس کہانی کی بنیاد دبئی میں کاروبار کے ذریعے بے تحاشا پیسے کمانے کو بنایا گیا جس کے بعد کئی کہانیاں تبدیل ہوتی رہیں، کبھی کہا گیا کہ وہ پیسہ جدہ لے جایا گیا اور وہاں سے مزید پیسہ کما کر لندن کی جائیداد خریدی گئی۔

اسد عمر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں ایک مرتبہ پھر کہانی بدل دی گئی، اس میں دبئی کی جائیداد قطر لے جائی گئی اور قطر سے پیسہ لندن لے جایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی جانب سے عدالت میں جو جوابات داخل کرائے گئے ہیں اس میں انھوں نے غلطی سے ایک دستاویز دے دی ہے جس میں دبئی کی اسٹیل مل بیچنے کی تفصیلات موجود ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید بتایا کہ شریف خاندان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق پہلے مرحلے میں اسٹیل مل کے 75 فیصد شیئرز کو 21 ملین درہم میں فروخت کیا گیا، یہ رقم قرضوں کی ادائیگی کی مد میں بی سی سی آئی کو دی گئی تھی۔جس کے بعد بی سی سی آئی کو واجب الادا رقم 6 ملین درہم رہ گئی تھی اور اس کے علاوہ 14 ملین درہم کے واجبات بھی ادا کرنے تھے۔

اسد عمر کے مطابق دوسرے مرحلے میں اسٹیل مل کے باقی 25 فیصد شیئرز کو 12 ملین درہم میں فروخت کیا گیا جبکہ 14 ملین درہم کے واجبات اب تک ادا نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ پاناما کیس کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی بچوں کی جانب سے عدالت عظمی میں 400 سے زائد صفحات پر مشتمل دستاویزات جمع کرائے گئے تھے۔جس میں وزیراعظم کے ٹیکس ادائیگیوں، زمینوں کے انتقال سمیت زمین اور فیکٹریوں سے متعلق تفصیلات شامل ہیں.

مصنف کے بارے میں