ای وی ایم سے انتخابات نہ کرانے پر فنڈز روکنے کی دھمکی غیر آئینی ہے، سعید غنی

ای وی ایم سے انتخابات نہ کرانے پر فنڈز روکنے کی دھمکی غیر آئینی ہے، سعید غنی
کیپشن: ای وی ایم سے انتخابات نہ کرانے پر فنڈز روکنے کی دھمکی غیر آئینی ہے، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ ووٹنگ مشین استعمال نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو فنڈ نہ ملنا بہت بڑی بلیک میلنگ ہے اور حکومت اپنی مرضی کے قوانین بنانے کے لئے بضد ہے جبکہ الیکشن کمیشن کو دھمکی دی گئی ہے کہ آپ کی فنڈنگ بند کر دیں گے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت بنائے گئے ادارے کو مفلوج بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں ہال میں کیمرے لگائے گئے جبکہ پھر اب حکومت کہہ رہی ہے کہ صاف شفاف الیکشن کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صاف شفاف الیکشن دھاندلی کی مشین کے ساتھ کرانا چاہتے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، امید ہے اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کو مفلوج بنانے کی سازش ناکام بنائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا پشاور جلسہ بھرپور ہوا جبکہ لوگ پی پی پر اعتماد کر رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے پشاور اور کے پی میں جلسے ناکام ہوئے اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کا جلسہ بھی کامیاب نہیں ہوسکا۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ اس حکومت نے اپنی ہر نالائقی کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈالنا شروع کردی، اس کابینہ میں سب نالائق ہیں، کون اتنا نالائق تھا جس نے بتایا کہ سندھ سے 16 لاکھ ٹن گندم چوری ہوگئی، حالانکہ سندھ نے 12 لاکھ ٹن گندم خریدی تھی۔