سابق آسٹریلین کرکٹر ٹام موڈی سری لنکا کے ڈائریکٹر کرکٹ تعینات

سابق آسٹریلین کرکٹر ٹام موڈی سری لنکا کے ڈائریکٹر کرکٹ تعینات
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کولمبو: سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے سابق آسٹریلین کرکٹر اور اپنے سابق ہیڈ کوچ ٹام موڈی کو ڈائریکٹر کرکٹ تعینات کر دیا ہے جنہیں اپنے تین سالہ دور میں 300 دن کا اسائمنٹ پورا کرنا ہو گا۔ 

تفصیلات کے مطابق کرکٹ سری لنکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی نے 55 سالہ ٹام موڈی کی کرکٹ سسٹم کے حوالے سے معلومات اور تجربے کی بنیاد پر انہیں ڈائریکٹر کرکٹ تعینات کرنے کی تجویز پیش کی، ٹام موڈی کو بطور کنسلٹنٹ اپنے تین سالہ دور میں 300 دن کا اسائمنٹ پورا کرنا ہو گا۔

سی ای او کرکٹ سری لنکا ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ٹام موڈی ماضی میں بھی سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور انہوں نے اچھے نتائج دیئے تھے، ٹام موڈی کو سری لنکا کے فیوچر ٹور پروگرام، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ سٹرکچر اور کھلاڑیوں کی تعلیم، فلاح اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے 2007 میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور اس وقت ٹام موڈی سری لنکا کے ہیڈ کوچ تھے۔