’دیکھو! شاہد آفریدی ہمارا مذاق اڑا رہا ہے‘ نیوزی لینڈ سے شکست پر بھارتیوں سے سچ بھی ہضم نہ ہوا

’دیکھو! شاہد آفریدی ہمارا مذاق اڑا رہا ہے‘ نیوزی لینڈ سے شکست پر بھارتیوں سے سچ بھی ہضم نہ ہوا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد بھارتی غصے میں اتنے سیخ پا ہیں کہ سچ بھی ہضم نہیں کر پا رہے اور پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے حقائق پر مبنی تبصرے کو بھی ’ٹرولنگ‘ سمجھ رہے ہیں۔ 
شاہد خان آفریدی نے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے پاس سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کا ایک موقع ہے مگر سب ہی جانتے ہیں کہ ایسا ہونا معجزہ ہی ہو گا اور شاہد آفریدی نے بھی اپنے تبصرے میں اسی لفظ کا استعمال کیا۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت نے ایونٹ میں جس طرح دو بڑے میچز کھیلے ان کے ساتھ اسے سیمی فائنل میں دیکھنا معجزے کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔ 


شاہد آفریدی کا تبصرہ حقائق پر مبنی ہے اور بھارت کے سابق کرکٹرز اور موجودہ کرکٹرز بھی اس بات سے متفق ہوں گے مگر بھارتی میڈیا سے شاہد آفریدی کا یہ تبصرہ ہضم کرنا مشکل ہو گیا ہے جس نے اسے بھارتی ٹیم اور بھارتیوں کی ’ٹرولنگ‘ قرار دیدیا ہے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر اس کے ایونٹ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کی امیدوں کو نہ ہونے کے برابر کر دیا ہے۔

کیویز نے بھارت کی جانب سے دیا گیا ہدف 15ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کی خوب درگت بن رہی ہے۔