اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا

اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا
کیپشن: اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کر دیا
سورس: فائل فوٹو

کراچی: اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکل ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جس کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے ہوگا۔

اس سے قبل کمپنی نے یکم اکتوبر 2021 کو بھی قیمتیں بڑھائی تھیں۔ اب اٹلس ہونڈا نے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں ساڑھے 6 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی موٹر سائیکل ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اضافے کے بعد ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت 90 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 94 ہزار 900 تک پہنچ جائے گی۔

ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت بھی 4 ہزار روپے جبکہ پرائڈر کی قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 97 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ ایک ہزار 500 روپے جبکہ ہونڈا پرائڈر 100 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 25 ہزار 500 روپے سے بڑھ کر ایک لاکھ 30 ہزار 500 روپے ہو جائے گی۔

موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی کی جانب سے ہونڈا سی جی 125 کی قیمت میں 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت ایک لاکھ 47 ہزار 500 سے بڑھ کر ایک لاکھ 52 ہزار 500 روپے ہوجائے گی۔

اسی طرح سی جی 125 ایس ای کی قیمت 5 ہزار روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 77 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 82 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ سی بی 125 ایف اور سی بی 150 ایف کی قیمتوں میں فی کس ساڑھے 6 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد سی بی 125 ایف کی قیمت 2 لاکھ 12 ہزار روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 18 ہزار 500 روپے جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت 2 لاکھ 67 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ 73 ہزار 500 روپے ہو جائے گی۔

ہونڈا سی بی 150 ایف ایس ای کی قیمت بھی ساڑھے 6 ہزار روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 71 ہزار روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 77 ہزار 500 روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس ہونڈا اٹلس کی جانب سے موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں یہ 7 ویں مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کوئی وجہ تو نہیں بتائی گئی مگر ممکنہ طور پر یہ پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا نتیجہ ہے۔ آٹو پالیسی 2026-2021 کے نفاذ کے بعد جولائی میں گاڑی بنانے والی تمام کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی کی مگر جولائی سے اب تک موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔