کورونا کے بعد پنجاب میں ڈینگی وائرس بھی سر اٹھانے لگا، کتنے کیس رپورٹ ہوئے؟

کورونا کے بعد پنجاب میں ڈینگی وائرس بھی سر اٹھانے لگا، کتنے کیس رپورٹ ہوئے؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے بعد ڈینگی بھی ایک مرتبہ پھر سر اٹھانے لگا ہے اور صوبے بھر میں اب تک 44 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور انتظامیہ نے اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ 
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں رپورٹ ہونے والے 44 ڈینگی کیسز میں سے 13 لاہور ، وہاڑی اور گجرات میں 3,3 فیصل آباد، راولپنڈی اور قصور میں 2,2 اور اسلام آباد سے ایک مریض سامنے آیا جبکہ 7 افراد ایسے بھی ہیں جو مختلف صوبوں کے درمیان سفر کرتے رہے ہیں۔ 
محکمہ صحت نے ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے، ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت وارڈ قائم کرنے کیساتھ ساتھ 10ہزار 929 نئے کنٹریکٹ ملازمین کی بھرتی کے احکامات بھی جاری کئے ہیں اور اس کے علاوہ انسداد ڈینگی مہم میں کام کرنے والے ہیلتھ ورکرز کی ہفتہ وار چھٹی بھی بند کر دی گئی ہے۔ 
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال صوبے بھر میں اب تک 44 ڈینگی کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ گزشتہ سال مئی کے آخر تک یہ تعداد صرف 9 تھی اور یہی وجہ ہے کہ صورتحال کے پیش نظر ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ابھی سے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔