پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز، سحری اور تراویح کے روح پرور اجتماعات،مساجد نمازیوں سے بھر گئیں

پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز، سحری اور تراویح کے روح پرور اجتماعات،مساجد نمازیوں سے بھر گئیں

لاہور  : پاکستان بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک کے مختلف شہروں میں سحری کے دوران خصوصی اہتمام کیا گیا۔ لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں ہوٹلوں اور ریستورانوں پر رش دیکھا گیا جہاں شہریوں نے چنے، بونگ پائے، پراٹھے، انڈہ، لسی سمیت مختلف پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع پایا۔

جہاں سحری کے وقت منفرد کھانوں کا لطف اٹھایا گیا، وہیں بعض شہروں میں گیس کی کمی کا سامنا بھی کیا گیا۔ سحری کے بعد مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے لیے نمازیوں کا رش رہا اور اس موقع پر تلاوت قرآن اور ذکر و اذکار کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مسلمان نے اللہ کے حضور رحمت، مغفرت اور بخشش کی دعا کی۔ ماہ رمضان کا چاند نظر آنے کے بعد، نماز عشاء کے بعد پہلی تراویح کی نماز کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں ملک بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے شہروں میں اہل ایمان نے روح پرور اجتماعات میں شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں رمضان کے مہینے کو صبر، ہمدردی، مساوات اور اتحاد کا پیغام دینے والا قرار دیا، جبکہ شہباز شریف نے رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر اور ہمدردی پر زور دیتے ہوئے مسلمانوں کو محتاجوں اور مظلوموں کی مدد کی اپیل کی۔ رمضان کا یہ مہینہ مسلمانوں کے لیے روحانی سکون، ایثار و قربانی اور معاشرتی ہم آہنگی کا پیغام لے کر آتا ہے۔

مصنف کے بارے میں