افغان انڈر 19 کی ٹیم پشاور پہنچ گئی

افغان انڈر 19 کی ٹیم پشاور پہنچ گئی

پشاور: افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا 26 رکنی دستہ پشاور پہنچ گیا، افغان کرکٹ ٹیم براستہ طورخم پشاور پہنچی۔افغان ٹیم کل اسلام آباد سے کراچی اور پھر وہاں سے بنگلادیش کیلئے روانہ ہو گی۔

گذشتہ روز طالبان نے افغان قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کی منظوری بھی دے دی ہے۔ 
افغان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو حامد شنواری نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کو بتایا کہ ’ہمیں اپنی ٹیم کو آسٹریلیا بھیجنے کی منظوری مل گئی ہے۔ 
 افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان اولین ٹیسٹ میچ گذشتہ برس 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلا جانا تھا تاہم کووڈ 19 کی وجہ سے اسے ملتوی کردیا گیا تھا۔

آسٹریلیا کے دورے سے قبل افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شرکت کرے گی جو متحدہ عرب امارات میں 17 اکتوبر سے 15 نومبر 2021 تک شیڈول ہے۔

حامد شنواری نے اے ایف پی کو بتایا کہ رواں ماہ افغانستان کی انڈر 19 ٹیم بھی بنگلادیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ باہمی سیریز کھیلے گی اور اسی سلسلے میں اب افغان ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔

افغانستان سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلا کے بعد یہ خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ طالبان کی حکومت میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی جائے گی تاہم ایسا نظر نہیں آرہا۔

افغان کرکٹ بورڈ کے حکام واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ کرکٹ کو طالبان کی حمایت حاصل ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی ہوم سیریز کو افغانستان کے موجودہ حالات کی وجہ سے پہلے سری لنکا منتقل کیا گیا اور پھر اسے لاجسٹک اور کووڈ 19 کے مسائل کی وجہ سے اگلے برس تک ملتوی کردیا گیا ہے۔