اسرائیل اور امریکہ کا ایران کو سبق سکھانے کا فیصلہ ،وائٹ ہائوس کا گرین سگنل 

Iran Israel and US,Iran Israel Conflict

واشنگٹن :امریکہ نے ایک دفعہ پھر اسرائیل کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس پورا حق ہے کہ وہ اپنے دفاع کیلئے ایران کیخلاف جوابی کاروائی کرے ،اسرائیل ایسے تمام فیصلے کرنے میں آزاد ہے جو وہ مناسب سمجھتا ہے ۔

وائٹ ہائوس کے ترجمان جین سیکی کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اطلاعات موجود ہیں کہ سلطنت عمان کے ساحل کے نذدیک  میرسر سٹریٹ آئل ٹینکر پر ڈرون طیارے کے ذریعے ہونے والے حملے کے پیچھے ایران  کا ہاتھ ہے،امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم برطانیہ، اسرائیل، رومانیہ اور دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، اس حملے کااجتماعی جواب دیا جائے گا جس میں ملوث ہونے کی ایران تردید کر چکا ہے۔

اس سے قبل اسرائیل کی نئے وزیر اعظم نفتالی بینٹ نے ایران کیخلاف ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث ہونے کی ایران کی طرف سے تردید ایک بزدلانہ اقدام ہے ،ہم جانتے ہیں کہ بحری جہاز پر حملہ ایران کی طرف سے ہی کیا گیا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس معلومات تہران پر لگائے جانے والے الزام کو سہارا دے رہی ہیں۔

واضح رہے اس سے قبل  ایران نے امریکا، برطانیہ اور اسرائیل کی جانب سے بحری جہاز پر حملے سے متعلق لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیں گے،ایران کی وزارت خارجہ نے امریکا اور برطانیہ کا اسرائیل کے ساتھ مل کر ٹینکر حملے کا الزام تہران پر عائد کرنے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔ 

یاد رہے  عمان میں اسرائیلی بحری جہاز  پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے ایک برطانوی اور دوسرا رومانیہ کا شہری تھا۔ اسرائیل نے اس حملے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا جبکہ امریکا اور برطانیہ نے بھی اس حملے کا الزام  تہران پر لگایا تھا، اس کے علاوہ  امریکا کی جانب سے اس حملے کا  جواب دینے کا  اعلان بھی کیا گیا تھا۔