عدالت نے حکومت کو گورنر ہاؤس کی دیوار مسمار کرنے سے روک دیا

 عدالت نے حکومت کو گورنر ہاؤس کی دیوار مسمار کرنے سے روک دیا

لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے حکومت کو گورنر ہاؤس کی دیوار مسمار کرنے سے روک دیا ، درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ گورنر ہائوس کی عمارت ثقافتی ورثہ کی حامل تاریخی عمارت ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس مامون الرشید شیخ نے گورنر ہاؤس کی دیوار مسمار کرنے سے روک دیا۔ درخواست احسن فاروقی کی وساطت سے دائر کی گئی تھی۔

درخواست میں گورنر ہاوس کی دیواریں توڑنے  کے کام کو فوری روکنے کی استدعا کی گئی تھی ۔ حسن اقبال وڑائچ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے گورنر ہاوس کی دیواریں گرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اس عمل سے عوام کے پیسے کا ضیاع ہو گا، گورنر ہائوس کی دیواریں گرانا سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔عدالت گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کا اقدام کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان گورنرہاؤس پنجاب کی تاریخی عمارت کی دیواریں گرانے کا حکم دیا تھا ، جس پرانتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اور دیواروں پر لگے جنگلے ہٹانے کا کام شروع کردیا تھا۔