سیالکوٹ واقعہ انتہائی افسوسناک اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے: مولانا طارق جمیل

سیالکوٹ واقعہ انتہائی افسوسناک اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے: مولانا طارق جمیل
سورس: فائل فوٹو

لاہور : معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ناموسِ رسالت کی آڑ میں غیر ملکی کو زندہ جلا دینے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے. 

اپنے ٹویٹ میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ محض الزام کی بنیاد پر قانون کو ہاتھ میں لینا اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے. اسلام میں تشدد اورشدت پسندی کی کوئی جگہ نہیں. علماء کرام انتہا پسندی کو روکنے میں مثبت کردار ادا کریں.

واضح رہے کہ آج سیالکوٹ میں ایک سپورٹس فیکٹری میں ملازمین نے سری لنکن منیجر پر تشدد کیا اور اس کو زندہ جلا دیا تھا ۔ 

بعدازاں ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ طاہر محمود اشرفی اور آئی جی پنجاب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ 50 ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے بھی ٹویٹ کیا جس میں کہا کہ سیالکوٹ میں فیکٹری پر ہولناک حملہ اور سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کے لیے شرم کا دن ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں خود تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ گرفتاریاں جاری ہیں۔