سڈنی ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کرآؤٹ

سڈنی ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کرآؤٹ
سورس: file

سڈنی: پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف اپنے تیسرے اور آخری میچ کی پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ 

سڈںی میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نےٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر بیٹنگ کا آغاز بالکل اچھا نہیں کیا، شروع سے ہی کینگروز  قومی ٹیم پر حاوی رہے۔ 

قومی ٹیم کی جانب سے اننگ اوپن کرنے کیلئے آنے والے دونوں ہی بلے بازعبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق دو گیندیں کھیلنے کے بعد اسٹارک کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صرف دو ہی گیندیں کھیلنے کے بعد صائم ایوب بھی ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہاتھوں میں کیچ تھما کر  پویلین لوٹ گئے۔

 
شان مسعود 35 اور بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کی پانچویں وکٹ سعود شکیل کی تھی جنہوں نے 5 رنز بنائے۔ 

 محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 190 کے مجموعے پر رضوان 88 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔ ساجد خان 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سلمان علی آغا نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی چھٹی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 53 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔


نو وکٹیں گرنے کے بعد عامر جمال نے میر حمزہ کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، عامر جمال نے 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ ناتھن لیون کا شکار بنے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، ایک ایک کھلاڑی کو جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش اور ناتھن لیون نے آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

مصنف کے بارے میں