پی ایس ایل بقیہ میچز 9 جون سے شروع ہوں گے

پی ایس ایل بقیہ میچز 9 جون سے شروع ہوں گے
سورس: file

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کے ابتدائی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق لیگ کے میچز 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کا بتانا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران 6 روز دو میچز کھیلے جائیں گے اور جس روز 2 میچز ہوں گے اس دن پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام6 بجے شروع ہو گا اور دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات11 بجے کھیلا جائے گا، اسی طرح جس روز صرف ایک میچ ہو گا اس دن کھیل کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہو گا۔ 
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے ابتدائی شیڈول کے مطابق 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے لیگ کا آغاز ہو گا جبکہ 10 جون کو پہلے میچ میں ملتان سلطان اور کراچی کنگز کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا آمنا سامنا ہو گا۔ 
11 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مدمقابل آئے گی جبکہ 12 جون کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہو گا۔ 13 جون کو پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان جوڑ پڑے گا جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ 14 جون کو صرف ایک میچ کھیلا جائے گا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کراچی کنگز کا مقابلہ کرے گی۔ 
اسی طرح 15 جون کو بھی دو میچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ 16 جون کو ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ 17 جون کو پہلے میچ میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ٹکرائیں گی جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی۔ 
18 جون کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جبکہ 19 جون کو لیگ مرحلے کے آخری دو میچز کھیلے جائیں گے جن میں پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 
ایک روز کے وقفے کے بعد 21 جون کو پوائنٹس ٹیبل پر پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان کوالیفائر میچ کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچ ہو گا جبکہ 22 جون کو کوالیفائر میچ میں شکست کھانے والی ٹیم اور ایلیمنیٹر میچ میں فتح حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان دوسرا ایلیمینیٹر میچ ہو گا اور 24 جون کو فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں شرکت کیلئے ابوظہبی پہنچنے کے بعد ابتدائی قرنطینہ مکمل کرنے والے پلیئرز نے ٹریننگ کیلئے شیخ زید سٹیڈیم کا رخ کرلیا ہے۔ گزشتہ روز شیخ زید سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے ٹریننگ کی، کھلاڑیوں کو میدان میں آنے کا یہ موقع 7 روز تک کمروں میں محدود رہنے کے بعد میسر آیا۔