ایف آئی اے کی کارروائی، یورپ سمگلنگ میں ملوث 3 ایجنٹس گرفتار

ایف آئی اے کی کارروائی، یورپ سمگلنگ میں ملوث 3 ایجنٹس گرفتار

گوجرانوالہ: ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے سمندر کے ذریعے شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے والے 3 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ریڈ بک کا انتہائی مطلوب ملزم بھی شامل ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عمران، محمد تنویر اور غلام غوث کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ تینوں ملزمان گوجرانوالہ اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق، محمد عمران نے شہریوں کو سپین بھجوانے کے لیے 72 لاکھ روپے وصول کیے، تاہم ان کا منصوبہ ناکام ہو گیا اور شہری واپس پاکستان آگئے۔ محمد تنویر کے خلاف ترکی کے راستے یورپ بھجوانے کے کئی مقدمات درج ہیں اور وہ سال 2019 سے اشتہاری تھا۔ غلام غوث نے 17 لاکھ روپے لے کر ایک شہری کو غیر قانونی طریقے سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔

ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ان کے نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی تلاش جاری ہے۔