اومی کرون وائرس نے 40 ممالک میں پنجے گارڈ دیئے

Omicron variant, coronavirus, WHO, Pakistan, NCOC

لندن: اومی کرون وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی ، دنیا میں مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہونے لگا ۔ کورونا کا نیا ویرینٹ اب تک 40 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق برطانیہ میں مزید 75 افراد میں اومی کرون وائرس کی تصدیق کر دی گئی ، جس کے بعد کل تعداد 134 ہوگئی ۔ سری لنکا میں بھی پہلا مریض سامنے آگیا ہے ۔

ادھر ، اسرائیل میں بھی اومی کرون پھیلنے لگا ہے ، سات افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 27 افراد اومی کرون کے شبہ میں ہسپتال لائے گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر اومی کرون سامنے آنے کے بعد حکومت پاکستان نے بھی ملک بھر کے ائیر پورٹس پر بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کی مکمل سکریننگ کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق این سی او سی کی منظوری کے بعد ائیر پورٹ پر ریپڈ سی آرٹیسٹ کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا جائے گا ۔ ابتدائی طور پر متحدہ عرب امارات ، ایران ، عراق سے آنیوالے مسافروں کا ایئرپورٹ پر کورونا ریپڈ ٹیسٹ دوبارہ سے شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔

یاد رہے کورونا صورتحال کنٹرول ہونے کی وجہ سے بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں کے ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ختم کردیے گئے تھے ۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں ، جس کے بعد اموات کی تعداد ، 28 ہزار ، 761 ہو گئی جبکہ 858 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ 431 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد ، 12 لاکھ ، 86 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔

این سی او سی کے مطابق ، 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 47 ہزار، 84 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0.91 فیصد رہی ۔