پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے: نگران وزیر اعظم

  پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے: نگران وزیر اعظم

اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہےکہ   پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سفیروں کی کانفرنس میں شرکت کی، وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا، کانفرنس میں اہم دارالحکومتوں سے پاکستان کے سفیر شریک ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ کانفرنس میں خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے، نگران وزیر خارجہ نے سفیروں کی کانفرنس کے فریم ورک کو اجاگر کیا، جلیل عباس جیلانی نے دفتر خارجہ کے کردار کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مقصد پوری دنیا میں امن اور باہمی فائدہ مند تعلقات کیلئے ہونا چاہئے، پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کیلئے کھڑا رہے گا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اقتصادی سفارت کاری کو مرکزی دھارے میں لانا اور فلسطینی کاز کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان جموں و کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوامی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس خطے اور دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں کے پس منظر میں بروقت اور متعلقہ ہے، نگران وزیراعظم نے دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارتکاروں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مصنف کے بارے میں