آسٹریلوی کرکٹر سٹیو سمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

آسٹریلوی کرکٹر سٹیو سمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

میلبرن:  آسٹریلیا کے مایہ ناز کرکٹر سٹیو سمتھ نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق، سٹیو سمتھ نے بھارت کے خلاف چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل کے بعد اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو فوری ریٹائرمنٹ کا بتایا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے یہ بھی تصدیق کی ہے کہ سٹیو سمتھ ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ کے لیے دستیاب رہیں گے۔ اس حوالے سے سٹیو سمتھ نے کہا کہ ان کا کرکٹ کی دنیا میں یہ سفر شاندار رہا ہے اور انھیں ہر لمحہ عزیز ہے۔ انہوں نے دو ورلڈ کپ جیتنے کو اپنے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔

سٹیو سمتھ نے مزید کہا کہ اب دوسروں کے پاس موقع ہے کہ وہ 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاری کریں، اور ٹیسٹ کرکٹ ان کے لیے ہمیشہ ترجیحی رہے گی۔ انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل، ویسٹ انڈیز کے دورے اور انگلینڈ کے ساتھ ہوم سیریز کے لیے اپنی بے تابی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس وقت کرکٹ میں بہت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہیں۔

سٹیو سمتھ نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 2010 میں لیگ سپنر کی حیثیت سے کیا اور 170 ون ڈے میچوں میں 5800 رنز بنائے، جن میں 12 سنچریاں اور 35 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، انھوں نے 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں سٹیو سمتھ نے پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کی تھی، تاہم سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر کے اختتام کا فیصلہ کیا۔

مصنف کے بارے میں