منی لانڈرنگ سکینڈل، سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین گرفتار

منی لانڈرنگ سکینڈل، سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین گرفتار
کیپشن: گرفتار فہد نامی شخص سیاسی شخصیت کے مالی معاملات دیکھتا ہے، ذرائع۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے حرکت میں آ گئی۔ دبئی سے سندھ کی اہم سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین گرفتار کر لیا۔ کراچی ایئرپورٹ سے بھی انور مجید کے دست راست کو حراست میں لیا گیا اور بیان لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے دبئی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سندھ کی سیاسی شخصیت کا فرنٹ مین گرفتار کر لیا۔ سیاسی شخصیت کا تعلق کراچی سے ہے۔ گرفتار فہد نامی شخص کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سیاسی شخصیت کے مالی معاملات دیکھتا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے فہد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب کراچی ایئرپورٹ سے انور مجید کے فرنٹ مین شبیر کو حراست میں لیا گیا جو غیر قانونی الاٹمنٹ میں اہم کردار رہا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم شبیر 26 ستمبر کو بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا جس کا نام تین روز قبل سٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا۔

ملزم کو ایف آئی اے امیگریشن سرکل نے جے آئی ٹی کے حوالے کیا۔ ملزم نے سیف الرحمان نامی شخص کے ساتھ اپنا تعلق بتایا ہے۔ شبیر کو بیان لینے کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم دوبارہ طلبی پر پیش ہونے کے لیے پابند بھی کیا گیا۔ شبیر کا نام شربت فروش کے اکاؤنٹ کے معاملے کے بعد سامنے آیا تھا۔