ملک میں عام انتخابات وقت پر ہی ہونے چاہئیں: صدر مملکت کا چیئر مین پی ٹی آئی کے اظہارِ مایوسی پر ردِعمل

ملک میں عام انتخابات وقت پر ہی ہونے چاہئیں: صدر مملکت کا چیئر مین پی ٹی آئی کے اظہارِ مایوسی پر ردِعمل
سورس: File

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے صدر مملکت عارف علوی سے مایوسی کے اظہار پر صدر عارف علوی نے اپنا ردِعمل دے دیا۔

ایوان صدر کی جانب سے  نجی چینل کے پروگرام کو بھیجے گئے مؤقف کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی چاہتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے لیے عام انتخابات 6 نومبر کو ہونے چاہئیں، ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو الیکشن کے عمل سے باہر رکھنا جمہوریت کی روح کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

ایوان صدر کے پیغام کے مطابق 6 ستمبر کو چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں آگاہ کیا جا چکا تھا کہ آرٹیکل 48 کی شق 5 کے تحت آئین نے صدر کو اختیار دیا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان کریں۔

ایوان صدر کی جانب سے دیے گئے  پیغام میں مزید کہنا ہے کہ صدر عارف علوی چاہتے ہیں کہ ملک میں  الیکشن وقت پر ہوں تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کے عمل میں حصہ لینے کا موقع ملے۔

واضح رہے کہ  چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا تھا  کہ پارٹی چیئرمین صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے مایوس ہیں کیونکہ وہ آئینی کردار نہیں نبھا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر نے 90 دن میں الیکشن کروانے تھے لیکن انہوں نے اپنا اختیار استعمال نہیں کیا۔ 

مصنف کے بارے میں