انتخابی  مہم کا آج آخری روز، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام بھی مکمل، حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ

 انتخابی  مہم کا آج آخری روز، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام بھی مکمل، حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ
سورس: file

اسلام آباد: الیکشن کا میدان سجنے میں صرف 2روز باقی ہیں، جمعرات کو پولنگ ہوگی۔ انتخابی  مہم کا آج آخری روز، امیدواروں کی جانب سے جاری انتخابی مہم 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب (رات 12 بجے) ختم ہو جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدواروں کی جانب سے چلائی جانے والی انتخابی مہم،جلسے اور ریلیاں آج رات 12بجے اختتام پذیر ہوجائیں گی اور انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد جلسے یا سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوں گی اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے ہی تمام امیدواروں کیلئے آگاہی دی جاچکی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ وقت ختم ہونے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر کاروائی ہو گی۔

 ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024 کے انتخابات کے لیے چھپوائے گئے لگ بھگ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ جمعرات کو پولنگ ہو گی، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کی ترجمان نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا۔تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کیے گئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔

 ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے  امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مصنف کے بارے میں