غزہ کے لیے پاکستان سےامدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ

غزہ کے لیے پاکستان سےامدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ
سورس: file

اسلام آباد:  پاکستان کی  جانب سے غزہ کی مظلوم عوام کے لیے امداد ی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری  ہے، غزہ کے لئے پاکستان سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ کر دی گئی ہے۔ 



فلسطینیوں کی مدد کے لئے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ خصوصی  پرواز  کے ذریعے کراچی ائیر پورٹ سے روانہ کی گئی،  امدادی  سامان کی چھٹی کھیپ 100 ٹن امدادی  سامان پر مشتمل ہے جس میں 30 ٹن موسم سرما کے لیے   خیمے اور کمبل جبکہ 70 ٹن طبی سامان اور خشک خوراک شامل ہیں۔

 پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر،این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے  امدادی سامان کی روانگی تقریب میں شرکت کی۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔امدادی سامان کی وصول کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔

 پاکستان کی جانب سے اب تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے پانچ پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 230 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، امدادی سامان میں غزہ کے مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے لیے خصوصی خیمے، کمبل، سرجیکل سامان، ادویات اور فوڈ پیکس شامل تھے۔


پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

مصنف کے بارے میں