اوور بلنگ رک گئی ہے، 31 کروڑ یونٹس صارفین کو واپس کیے: محسن نقوی

 اوور بلنگ رک گئی ہے، 31 کروڑ یونٹس صارفین کو واپس کیے: محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کے حوالے سے ایف آئی اے، خاص طور پر لاہور ریجن نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے۔

ایف آئی اے لاہور آفس میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  محسن نقوی انہوں نے کہا کہ اپریل کے مہینے میں لاہور کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی (لیسکو) میں کوئی اوور بلنگ نہیں ہوگی، باقی ڈیسکوز میں اوور بلنگ بہت حد تک رکی ہے، اگرچہ وہ ان کا اپنا اندرونی معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا  کہ ان اقدامات کے نتیجے میں 31 کروڑ یونٹس صارفین کو واپس کیے گئے ہیں، اوور بلنگ رک گئی ہے، آگے بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، اس معاملے پر 102 کے قریب ایف آئی آرز ہوئی تھیں۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ نچلی سطح لے اسٹاف کو گرفتار کرنے سے منع کیا ہے، ان کا قصور نہیں ہوتا، افسران ان پر دباؤ ڈالتے ہیں تو وہ اس طرح کا کام کرتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے سائبر ونگ کام کرتا رہے گا، نئی باڈی بن رہی ہے، فیک نیوز کے حوالے سے قوانین اور نئی باڈی چاہیے، اس میں کوئی غلط چیز نہیں ہے، ہر ادارہ اپنا کام کرتا رہے گا۔