پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، وزیراعظم عمران خان

Pakistan, Prime Minister, Imran Khan, religious freedom
کیپشن: فائل فوٹو

حسن ابدال: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ہمارے ملک میں ان کے انتہائی مقدس مقامات ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بات حسن ابدال میں ریلوے سٹیشن کے افتتاح موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ اپ گریڈیشن منصوبہ سیاحت کے فروغ کیلئے بھی اہمیت کا حامل ہے۔ سٹیشن کو اپ گریڈ کرکے سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔ یہاں پر سکھ یاتریوں کو بہتر سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ اس موقع پر انہوں نے سکھ یاتریوں کیلئے تیار کی گئی ٹرین کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر شوزیر ریلوے یخ رشید، مراد سعید، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور ملک امین اسلم بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ریلوے نئے پاکستان میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ٹرانسپورٹ کا یہ نظام عام آدمی کے سفر کرنے کا ذریعہ ہے۔ دنیا بھر میں لوگ ریلوے میں سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے ہمسایہ ملک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چین نے اپنے ملک میں ریلوے لائنز کا جال بچھا دیا ہے۔ چین دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیز ریلوے سسٹم رکھتا ہے۔ چین کے تعاون سے پاکستان میں 6 ارب ڈالر کا بہترین منصوبہ شروع ہو رہا ہے، ہم ریلوے کو نئے سسٹم میں لے کر جا رہے ہیں۔ اس منصوبے میں نئی ریلوے لائنز اور زیر زمین ٹنلز بھی بنائی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ انگریز جو ریلوے ٹریک چھوڑ کر گیا ہم نے اس سے 50 کلومیٹر کم کردی ہے۔ ایم ایل ون بننے سے کراچی سے لاہور صرف 7 گھنٹے میں پہنچیں گے۔ ایم ایل ون ماڈل ریلوے ہوگی جو ملک کو ایک اور لیول پر لے جائے گی۔ معاشی ترقی میں پاکستان ریلوے اہم کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب حکومت سنبھالی تو ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا۔ مقروض پاکستان ملا تھا دیگر ممالک کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑے۔ پاکستان کی معیشت بڑی دیر کے بعد آگے بڑھ رہی ہے۔ چاہتا ہوں ایسا پاکستان بنے جو دوسروں سے قرض نہ مانگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکھوں کے انتہائی مقدس مقامات پاکستان میں ہیں۔ سکھوں کیلئے ننکانہ، حسن ابدال سمیت ملک بھر میں اہم گوردوارے ہیں۔ کوشش کی سکھ یاتریوں کو پاکستان میں بہتر سہولتیں فراہم کریں۔ ہر سال سیکڑوں کی تعداد میں سکھ برادری پاکستان ان جگہوں پر آتی ہے۔ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔