عمران خان کے کامیابی کے نوٹیفکیشن روکنے پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آ گیا

عمران خان کے کامیابی کے نوٹیفکیشن روکنے پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی سامنے آ گیا
کیپشن: فوٹو فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے نامزد وزیراعظم عمران خان کی کامیابی کے 2 نوٹیفکیشن روکے جانے اور 3 کو مشروط طور پر جاری کرنے پر پی ٹی آئی ترجمان  فواد چوہدری کا ردعمل سامنے آگیاہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتقال اقتدار کے معاملے پر غیر سنجیدگی نہ دکھائے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور عدالتی فیصلوں کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ انتقال اقتدار کو غیر سنجیدگی سے لینے سے ملک اور عوام کا نقصان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن نے عمران خان کے دو حلقوں سے کامیابی کے نوٹیفکیشن روک لیے
   

فواد چوہدری نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے اپیل کی کہ وہ عمران خان کی کامیابی کے نوٹیفکیشن روکے جانے کا معاملہ خود دیکھیں ،ترجمان الیکشن کمیشن پہلے ہی وضاحت کر چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت کیس کا فیصلہ عمران خان کے خلاف آیا تو کامیابی کے تینوں مشروط نوٹیفکیشن منسوخ ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری یہ بیان دے چکے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے کامیاب امیدواروں کے کامیابی کے نوٹیفکیشن روکنے سے انتقال اقتدار میں دیری ہو جائے گی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں