میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں ، نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں: وزیر اعظم

میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں ، نوجوان ہی ملک کا مستقبل ہیں: وزیر اعظم
سورس: File

اسلام آباد:   وزیر اعظم شہبا ز شریف نے کہا ہے  کہ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں کیونکہ یہی لیپ ٹاپ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جناح کنونشن سنٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب کا فیتہ کاٹ کر پورے پاکستان کے طلبا وطالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے تقریب میں شریک مختلف یونیورسٹیوں کے نمایاں تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہے ۔یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر ملے گا۔ وزیرعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5 ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ 

وزیراعظم نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسائیہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلباکو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ان میں سے بہت سے طلباو طالبات آج ڈاکٹرز ، انجینئرزاور کامیاب پروفیشنلزبن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہےہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا آئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں تویہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔ 

بعد ازاں وزیراعظم نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج جمعہ کے دن پوری قوم دنیا کو یہ باور کرانے کے لئے احتجاج کررہی ہے کہ کوئی مسلمان قرآن مجید کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتا۔

  وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی شزہ فاطمہ، عطا تارڑ، ملک احمد خان کے علاوہ چیئرمین ایچ ای سی ، اساتذہ، والدین اور طلبا و طالبات بڑی تعداد بھی تقریب میں موجودتھی۔

مصنف کے بارے میں