ڈکیتی کے بعد فرار کی انوکھی کوشش، ڈاکو تاروں پر لٹکنے کے باوجود گرفتار

ڈکیتی کے بعد فرار کی انوکھی کوشش، ڈاکو تاروں پر لٹکنے کے باوجود گرفتار

کراچی: کراچی کے علاقے سخی حسن میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں پولیس سے بچنے کے لیے ایک ڈاکو بجلی کی تاروں پر چڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق، ڈاکو نے موٹرسائیکل سوار سے موبائل چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن جیسے ہی پولیس پہنچی، وہ بجلی کی تاروں پر چڑھ کر لٹک گیا۔ موقع پر موجود شہریوں نے اس غیر معمولی منظر کی ویڈیوز بنائیں جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نیچے کھڑے ہو کر چادر تھامے ہوئے ہیں تاکہ ڈاکو نیچے گرنے پر زخمی نہ ہو۔ کافی دیر تک تاروں پر لٹکے رہنے کے بعد آخرکار ڈاکو نے خود کو چھوڑ دیا، جس پر پولیس اہلکاروں نے اسے پکڑ کر حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو اس سے پہلے بھی کئی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کے خلاف مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔