آسٹریلیا کو 292 رنز کا ہدف ، فتح سے افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے امکانات بڑھ جائیں گے

آسٹریلیا کو 292 رنز کا ہدف ، فتح سے افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے امکانات بڑھ جائیں گے

ممبئی : ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان نے ابراہیم زدران کی سنچری کی بدولت آسٹریلیا کو فتح کے لیے 292 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ میچ میں فتح سے افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ جائیں گے جبکہ پاکستان کیلئے سیمی فائنل میں رسائی مزید مشکل ہوجائے گی۔

ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر جوش ہیزل وُڈ نے 21 رنز بنانے والے رحمٰن اللہ گرباز کو چلتا کردیا۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد ابراہیم زدران کا ساتھ دینے رحمت شاہ آئے اور دونوں نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ ابراہیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی لیکن اسی دوران گلین میکسویل 30 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

ابراہیم نے کپتان حشمت اللہ شاہدی کے ہمراہ بھی 52 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن 26 رنز بنانے والے افغان کپتان بھی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پو بولڈ ہو گئے۔

عمظمت اللہ عمر زئی بھی جلد پویلین لوٹ گئے لیکن ابرہیم نے دوسرے اینڈ سے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور ورلڈ کپ میں افغانستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ محمد نبی نے بھی ایک چھکا لگایا لیکن 12 رنز بنانے والے آل راؤنڈر کی وکٹیں جوش ہیزل وُڈ نے بکھیر دیں۔

اختتامی اوورز میں راشد خان اور ابراہیم دونوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور آخری 36 گیندوں پر 75 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی معقول مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، ابرہیم زدران نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 129 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ راشد خان نے بھی اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وُڈ نے 2 جبکہ اسٹارک، میکسویل اور ایڈم زامپا نے ایک، ایک وکٹ لی۔