لاہور: 78 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی بالاخر پکڑی گئی  

Lahore: A vehicle violating traffic rules 78 times was finally caught
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ای چالان ٹیم نے بالاخر نے 78 مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کو دھر لیا ہے۔ ڈرائیور کو 38 ہزار 600 روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے کاغذات ضبط کر لئے گئے۔

تفصیل کے مطابق لاہور میں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں اس آپریشن کے دوران ایک ایسی گاڑی پکڑی گئی جس کے ڈرائیور نے کم وبیش 78 مرتبہ ٹریفک قوانین کی شدید خلاف ورزی کی۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ڈرائیور کو 38 ہزار 600 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ کار ڈرائیور نے 18 مرتبہ حد رفتار، 58 مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، واجبات جمع کروانے پر گاڑیوں کے کاغذات واپس کئے جائیں گے۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران ڈرائیورز کی یقین دہانی پر کاغذات قبضہ میں لے کر تمام گاڑیوں کو چھوڑ دیا گیا تھا تاہم واجبات جمع کروانے پر گاڑیوں کے کاغذات واپس کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 21 ہزار سے زائد ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے کاغذات کو قبضہ میں لیا گیا، سٹی ٹریفک پولیس کی 17 ٹیمیں ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائی بھی کررہی ہیں، ٹریفک وارڈنز کو ڈیوائسز اور پرنٹر بھی فراہم کئے گئے ہیں، ڈیوائسز کی مدد سے باآسانی ای چالان نادہندہ گاڑیوں کا پتہ کیا جاسکتا ہے۔

سی ٹی او نے کہا کہ ای چالان نادہندہ گاڑیوں کےخلاف ٹریفک پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ شہری ٹریفک قوانین کا احترام کریں۔