ملک بھر میں پاک فضائیہ کا دن آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے  

Today, Pakistan Air Force Day is being celebrated with national spirit across the country
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ستمبر 1965ء کی جنگ میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملکی فضائی حدود کا انتہائی بہادری اور مہارت کے ساتھ دفاع کرنیوالوں کی یاد میں پاک فضائیہ کا دن آج قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

1965ء کی جنگ میں بہادر ہوا بازوں نے محدود وسائل کے باوجود ناصرف بھارتی فضائی جارحیت کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کو اپنی بے مثال شجاعت کے ذریعے عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

پاک فضائیہ کے ممتاز پائلٹ محمد محمود عالم جنہیں ایم ایم عالم کے نام سے جانا جاتا ہے نے ایک منٹ سے کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ MK 56 Hawker Hunter لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔

آج دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 7 ستمبر کے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ایئر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبر ہے اور پاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیار ہے۔

اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر ائیر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہداء کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔