پاکستان معدنیات کے شعبے میں عالمی رہنمائی کے لیے تیار، آرمی چیف 

پاکستان معدنیات کے شعبے میں عالمی رہنمائی کے لیے تیار، آرمی چیف 

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی معدنی معیشت میں اہم رہنما کے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کی شراکت داری ضروری ہے اور اس کے لیے ہم بین الاقوامی اداروں کو خوش آمدید کہتے ہیں تاکہ وہ اپنے تجربے سے ہمیں فائدہ پہنچائیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں معدنی شعبے کے لیے تربیت یافتہ ماہرین کی ضرورت ہے، جس کے لیے ہم اپنے طلبا کو دنیا بھر میں تربیت حاصل کرنے کے لیے بھیج رہے ہیں۔ اس وقت بلوچستان کے 27 طلبا زیمبیا اور ارجنٹینا میں معدنیات کے شعبے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں تاکہ وہ وطن واپس آ کر اس شعبے میں اپنی خدمات فراہم کر سکیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں معدنی شعبے کی ترقی کے لیے سیکیورٹی اور سرمایہ کاری کے ماحول کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے اور پاک فوج اس بات کو یقینی بنائے گی کہ شراکت داروں اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اَپ سٹریم اور ڈاؤن سٹریم معدنی صنعتوں کی ترقی کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، خاص طور پر ریفائننگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں تاکہ معدنی وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔