اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف میں جاری اختلافات کو دور کرنے کے لیے بیرسٹر گوہر کی کوششیں رنگ لے آئیں اور پارٹی رہنماؤں نے آپس میں اختلافات ختم کرنے پر رضا مندی ظاہر کر دی۔
ذرائع کے مطابق، بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے اندر اختلافات کو ختم کرنے پر اپنی رضا مندی ظاہر کی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سکیورٹی کمیٹی کے اندر بیانات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن پارٹی کے مفاد میں بات چیت کرنا ضروری ہے۔
اس کے علاوہ، اسد قیصر، عاطف خان اور شہرام ترکئی نے بھی اختلافات ختم کرنے کے لیے اپنی رضا مندی کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے معاملات کو حل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں میں اختلافات آنا معمول کی بات ہے لیکن ان اختلافات کو حل کرنا پارٹی کے مفاد میں ہے تاکہ مسائل بڑھنے سے بچا جا سکے۔