مری میں پٹرول، ڈیزل اور خوراک کا مسئلہ ہے: ترجمان پنجاب حکومت

مری میں پٹرول، ڈیزل اور خوراک کا مسئلہ ہے: ترجمان پنجاب حکومت
سورس: فائل فوٹو

لاہور: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ مری میں پٹرول ، ڈیزل اور خوراک کا مسئلہ ہے، فوج اور دیگر ادارے ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔ 

مری کی صورتحال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ کوشش کر رہے ہیں خوراک اور فیول کی قلت نہ ہو۔ مری میں تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنا ہیلی کاپٹر ریسکیو کے لیے مختص کردیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ وزیر قانون راجہ بشارت سمیت دیگر حکام مری میں موجود ہیں اور ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔ راولپنڈی اور اٹک سے بھی ریسکیو کی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔ ڈی جی ریسکیو بھی مری میں ہیں۔ 

حسان خاور کا کہنا تھا کہ مری میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ شہر کو آفت زدہ بھی قرار دے دیا گیا ہے۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے مری کی برفباری میں پھنسے ہزاروں شہریوں میں سے 19 افراد اپنے گاڑیوں میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔ 

گاڑیوں کے پھنسنے اور انسانی المیے کے بعد انتظامیہ نے مزید گاڑیوں کا مری میں داخل بند کردیا ہے۔ پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی مری جانے نہیں دیا جا رہا ہے۔ 

مصنف کے بارے میں