آئین کی خلاف ورزی کی وجہ سپریم کورٹ ہے: ن لیگ ، بیوروکریسی پر دباؤ ہے کہ عدالتی احکامات کی پیروی نہ کرے:پی پی پی

 آئین کی خلاف ورزی کی وجہ سپریم کورٹ ہے: ن لیگ ، بیوروکریسی پر دباؤ ہے کہ عدالتی احکامات کی پیروی نہ کرے:پی پی پی

لاہور: ن لیگ کے رہنما سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کا عمل سپریم کورٹ نے شروع کیا ہے. سپریم کورٹ نے آئین پر عمل نہ کیا تو باقی سب نے بھی یہی سلسلہ شروع کردیا.

جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“میں بات کرتے ہوئے  پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ بیوروکریسی خود سے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کررہی. جج صاحبان کو بیوروکریسی سے پوچھنا چاہئے کن کے احکامات کی پیروی کررہی ہے،شاید کچھ لوگ بیوروکریسی پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ عدالتی احکامات کی پیروی نہ کریں.

 تاج حیدر نے کہا عدالتی احکامات کے برخلاف بار بار گرفتاریوں سے تحریک انصاف مضبوط ہورہی ہے، یہ عمل تحریک انصاف کی انتخابی مہم کا حصہ ہے، پی ٹی آئی لیڈرز کو اس طرح جیل آنے جانے کی عادت ہورہی ہے جو کسی بھی سیاسی کارکن کے لازمی کورس کا حصہ ہوتا ہے، عدالتی احکامات کی پیروی نہیں ہورہی تو اخلاقی و قانونی طور پر غلط ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ہے کہا کہ  سندھ میں نگراں حکومت پیپلز پارٹی کی منشاء کے مطابق نہیں آئی، ان کا کاروبار بند ہوگیا اور چھاپے پڑنا شروع ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی سمجھتی ہے الیکشن میں تاخیر ہوئی تو سندھ میں ان کی اجارہ داری ختم ہوجائے گی۔ ابڑو نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بڑے فاصلوں کے بعد ملے تھے ہماری دعا ہے آگے بھی ساتھ ہوں، اقتدار سے علیحدگی کے ایک مہینے بعد ہی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جدائی پر افسوس ہوگا، سندھ میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ہے.