اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور حجاج کرام کے مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق، مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پرائیویٹ سیکٹر کے حجاج کرام کے مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ حجاج کی حج ادائیگی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر وزارت خارجہ کو حجاج کرام کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔
جے یو آئی کے ترجمان کے مطابق، حج گروپ آرگنائزر کے نمائندہ وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی حجاج کرام کے مسائل کے حل کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔